0

ملک میں کورونا سے 4 افراد جاں بحق؛ مریضوں کی تعداد 646 ہوگئی


اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 17 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 646 ہوگئی اور سندھ بھر میں یہ تعداد 292 تک جاپہنچی ہے۔قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 17 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد یہ تعداد 646 ہوگئی۔قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 ہزار 439 افراد کی ملک کے داخلی راستوں پر اسکریننگ کی گئی جس کے دوران کورونا وائرس کے 202 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے۔سندھ میں صورتحال انتہائی خراب ہے جہاں متاثرین کی تعداد 292 ہوچکی ہے۔ 638 مریض ملک کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور 5 افراد زندگی کی جنگ جیت کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں۔اجمل وزیر نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد تین ہوگئی ہے اور ایران سے آنے والی ایک خاتون کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئی، صوبے میں اس وائرس کے مصدقہ کیسز 31 اور مشتبہ کیسز کی تعداد 179 ہے۔پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 152، بلوچستان میں 104، گلگت بلتستان میں 55 اور اسلام آباد میں 10 ہوگئی ہے۔ آزاد کشمیر میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں