سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے استعفے منظور کرنے کا فیصلہ کرلیا

 پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہٹ دھرمی اور قومی اسمبلی سے استعفے واپس نہ لینے کے ضد پر قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے  حکومتی شخصیتوں سے رابطہ کرنے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ان کے استعفے منظور کرلئے جائیں اور مستعفی ہونے والے ممبران کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کرائے جائیں ۔ سپیکر نے پی ٹی آئی کے ارکان کو 29اکتوبر کیلئے حتمی نوٹس پیش ہونے کیلئے جاری کردیا ہے جبکہ عمران خان نے اپنے ممبران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اکٹھے ہوکر پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہوں اور اپنے استعفوں کی تصدیق کریں ۔ چنانچہ اس فیصلے کے بعد 29اکتوبر کو شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں مستعفی ہونے والے ممبران قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کے چیمبر میں پیش ہونگے جہاں وہ اپنے استعفوں کی تصدیق کے ساتھ ساتھ  اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرینگے ۔ آن لائن کو مزید  معلوم ہوا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے قومی اسمبلی میں خالی ہونے والی  نشستوں پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ان ضمنی انتخابات میں وہ پاکستان عوامی تحریک کے علاوہ پاکستان سنی اتحاد کونسل اور اتحاد وحدت المسلمین کے سرگرم رہنما کو اپنی جماعت کی طرف سے امیدوار کھڑا کرینگے اور ان کی بھرپور حمایت کی جائے گی