سمندری طوفان نیلو فر نے شدت اختیار کرلی ،کراچی سے چند سو کلو میٹر دور،دفعہ 144نافذ

بحیرہ عرب کے وسطی مغربی علاقے میں بننے والا سمندری طوفان اے زیرو فور( نیلوفر)مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات اس کی شدت میں انتہائی اضافے کا امکان ہے۔ نیلوفر اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران آٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے عمان کے ساحل کی جانب بڑھے گا جس کے بعد بھارت اور سندھ کے ساحلی علاقوں کا رخ کرے گا۔ انتیس اور تیس اکتوبر سے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے اور گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ طوفان کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کیلئے محکمہ موسمیات کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم نے ساحلی پٹی کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کا مشورہ بھی دیا ہے۔ طوفان کے پیش نظر کراچی کے ساحل پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرتے ہوئے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کھلے سمندر میں موجود ماہی گیروں کو بھی بدھ کی شام تک واپسی کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان اکتیس اکتوبر کو بھارتی گجرات اور سندھ کے سرحدی علاقوں کے قریب اختتام پذیر ہو جائے گا۔