Get Adobe Flash player

جنوبی وزیرستان میں گھر پر امریکی ڈرون حملہ،2غیر ملکیوں سمیت 7افراد جاںبحق

 جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل میں امریکی جاسوس طیارے کے ڈرون حملے کے نتیجے میں 2غیرملکیوں سمیت 7 افراد ہلاک جبکہ 5زخمی ہوگئے جاسوس طیارے نے اعظم ورسک میں ایک گھر پر 2 میزائل داغے۔جمعرات کو امریکی جاسوس طیارے نے برمل کے علاقے اعظم ورسک میں ایک گھر پر 2 میزائل داغے جس کے نتیجے میں مکان میں موجود 4 افراد مارے گئے جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔برطانوی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ سرکاری اہلکاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ جس مکان کو نشانہ بنایا گیا ہے اسے عسکریت پسند ایک مرکز کے طور پر استعمال کررہے تھے۔ہلاک ہونے والوں میں دو غیر ملکی اور دو مقامی افراد شامل تھے ۔خیال رہے کہ رواں سال جنوبی اور شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کی طرف سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں اور گاڑیوں پر پندرہ حملے کئے گئے جس میں دو حملے جنوبی وزیرستان جبکہ 13 حملے شمالی وزیرستان میں کیے گئے ۔ ان حملوں درجنوں شدت پسند مارے جا چکے ہیں۔واضح رہے کہ زیادہ تر ڈرون حملے شمالی وزیرستان میں ہوتے رہے ہیں لیکن جنوبی وزیرستان میں بھی ڈرون حملوں میں مبینہ شدت پسندوں کو نشانہ بنایا جاتا رہے۔ اس سے قبل رواں ماہ 5 اکتوبر کوامریکی ڈرون نے جنوبی وزیرستان کی ہی تحصیل شوال میں سرحدی علاقے کنڈغر میں ایک مکان کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوئے تھے۔