حکومت پنجاب نے ترقیاتی سکیموں کیلئے 1ارب 42کروڑ روپے کی منظوری دیدی

حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2014-15   کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اکیسویں اجلاس میں ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی کل 5 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 1ارب  42کروڑ  71 لاکھ76ہزار  روپے کی منظوری دی ۔صوبائی ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس کی صدارت چیئر مین پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ پنجا ب محمد عرفان الٰہی نے کی جبکہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی وسیم اجمل چو ہدری سمیت دیگر متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی ۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اکیسویں اجلاس میں جن 5 ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دی گئی ان میں پنجاب شہری امپورومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (پی سی ٹو) ملٹی ٹرینچ فنانسنگ سہولت کے لیے تکنیکی مدد 9 کروڑ 32 لاکھ 20 ہزار روپے ، فیصل آباد لنک روڈ ڈویلپمنٹ منصوبہ کے لیے49کروڑ 37 لاکھ 7 ہزار روپے ، ضلع راوالپنڈی میں ہائی کورٹ روڈ سے جی ٹی روڈ تا کار چوک بشمول اضافی لمبائی چکلالہ سکیم تھری روڈ کی بحالی اور بہتری کے لیے 37کروڑ 93 لاکھ 47 ہزار روپے ، ضلع قصور بی ایس لنک کینال پر 3 نمبر کاریزوں کی ریماڈلنگ کے لیے 44کروڑ 94 لاکھ 73 ہزار روپے اورسیاحت کے فروغ کے لیے ممکنہ و مناسب علاقوں کا تعین1کروڑ 14 لاکھ 29 ہزار روپے شامل ہیں ۔