پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے،نوازشریف

وزیراعظم میاں نواز شریف نے چاروں صوبائی حکومتوں کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے عوام دوست فیصلوں سے غریب عوام کو اس کا فائدہ پہنچنا چاہیے،گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ سے کسان کی فی ایکڑ آمدنی میں تین سے چار ہزار روپے اضافہ ہوگا۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے گزشتہ دنوں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے بعد ٹرانسپورٹرز اور گڈز ٹرانسپورٹرز کی طرف سے کرایوں میں کمی نہ کرنے کی اطلاعات کا سخت نوٹس لیا ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے عوام کو ریلیف نہ ملنے کا نوٹس لیتے ہوئے چاروں صوبائی حکومتوں کو ایک اور خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے وزیراعظم کے فیصلے پر چاروں صوبائی حکومتیں فوری طور پر عملدرآمد کرائیں اور ہر ممکن عوام کو حکومت کی جانب سے دیا جانے والا ریلیف پہنچنا چاہیے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ حکومت کے عوام دوست فیصلوں سے غریب عوام کو اس کا فائدہ پہنچنا چاہیے جس میں پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی ، اشیاء کی نقل وحمل کی لاگت میں کمی سے مہنگائی میں کمی،چھوٹی گاڑیوں کے مالکان خصوصاً موٹر سائیکل والوں کیلئے ریلیف دیا گیا ہے۔خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ کسان دوست جو حکومت کی پالیسیاں ہیں اس پر بھی عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ سے کسان کی فی ایکڑ آمدنی میں تین سے چار ہزار روپے اضافہ ہوگا۔خط میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے وفاقی حکومت نے بجلی اور کھاد کی قیمتوں میں اضافے کا ازالہ کیا ہے اور زراعت سے وابستہ 70 فیصد آبادی کے لوگوں کو فائدہ ہوگا ۔