نارووال ،بھارتی حدود سے پھینکا گیا مارٹر گولا پھٹنے سے بہن بھائی سمیت 3بچے جاں بحق

نارروال کے سرحدی گائوں توغل پور میں بھارتی حدود سے پھینکا گیا مارٹر گولا پھٹنے سے بہن بھائی سمیت3 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا ،وزیرا عظم محمد نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ڈی ایس پی عرفان اللہ کے مطابق بھارت کی طرف سے گولہ باری کے دوران مارٹر گولا پھینکا گیا تھا جو پھٹ نہ سکا اور گائوں کے کھیتوں میں جاگرا جسے بچے کھلونا سمجھ کر گھر لے آئے جہاں گولا پھٹنے سے 3 بچے اس کا نشانہ بنے، جاں بحق ہونے والے بچوں میں حنظلہ، سائرہ اور حفیظ اللہ شامل ہیں۔جبکہ اظہر نامی بچہ زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں سیالکوٹ منتقل کردیا گیا ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی حساس اداروں کے اہلکار متاثرہ جگہ پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کر لئے گئے ۔ترجمان وزیراعظم ہائوس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے پنجاب حکومت اور قانون نافذ کرنے والے وفاقی اداروں کو واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ انہیںواقعہ کی تحقیقات سے آگاہ رکھا جائے۔ وزیراعظم نواز شریف نے بچوں کی ہلاکت پر دلی افسوس کا اظہار بھی کیا۔