جنرل ظہیر اسلام سبکدوش ،لیفٹیننٹ جنرل رضوان آج سے آئی ایس آئی کے سربراہ

انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام اپنی مدت ملازمت پوری کرکے سبکدوش ہوگئے' آئی ایس آئی کے نئے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر (آج) جمعہ کو ملک کے سب سے بڑے انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام عباسی نے عہدے سے سبکدوشی سے قبل صدر مملکت اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ' وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ فوج اور آئی ایس آئی کے افسران سے الوداعی ملاقاتیں کیں ۔ لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام کے اعزاز میں اس دوران بہت سی تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔ آئی ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر ترقی سے قبل کراچی میں ڈی جی رینجرز کے عہدے پر تعینات تھے۔ انہوں نے کراچی میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد آئی ایس آئی میں بعض اہم تبدیلیاں متوقع ہیں ۔