Get Adobe Flash player

دنیا تسلیم کرے یا نہ کرے ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں، وزیر خارجہ

وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہماری بقا دا پر لگی ہے اس لیے ہم سے بہتر یہ جنگ کوئی لڑ ہی نہیں سکتا تھا پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے۔دفتر خارجہ اسلام آباد میں سفرا کانفرنس کے اختتام پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف  کا کہنا تھا کہ خطے میں تبدیلی کے باعث نئی جغرافیائی تبدیلیاں آ رہی ہیں، نئے اتحاد بن رہے ہیں اور ہمیں بھی نئی اور درست سمت کا تعین کرنا ہو گا، ہمیں شدت سے احساس ہے کہ ہماری قربانیوں کو دنیا دوسری نظر سے دیکھتی ہے لیکن ہمیں دنیا کے نقطہ نظر کو تبدیل کرنا ہو گا۔خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیت رہا لیکن ہماری بقا دا پر لگی ہے اس لیے ہم سے بہتر یہ جنگ کوئی لڑ ہی نہیں سکتا تھا اب دنیا بے شک نہ مانے یا نہ مانے پاکستان واحد ملک ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے، ایک دو واقعات ہوتے رہتے ہیں، پاکستان کے20 کروڑ عوام اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ کراچی سے سوات تک پورے پاکستان میں امن ہے، ہماری مسجدیں گھر گلیاں محفوظ ہیں، میں یہ نہیں کہتا کہ حالات مکمل طور پر بہتر ہیں لیکن بہت بہتر ہیں۔