شاہد خاقان عباسی ایف 16 میں بیٹھ کرمشقوں کا جائزہ لینے والے پہلے وزیراعظم

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تاریخ میں پہلی بار بحثیت وزیراعظم پاکستان ایف سولہ طیارے میں بیٹھ کر جنگی مشقوں میں شرکت کی۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا اس موقع پر ائیرچیف مارشل سہیل امان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے نئے تعمیر شدہ ائیرپاور سینٹر آف ایکسی لینس کادورہ کیا۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی تعمیر وترقی میں پاک فضائیہ کے کردار، سیفرون بینڈڈ نامی فوجی مشقوں اور ائیرپاور سینٹر آف ایکسی لینس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ ائیرپاور سینٹر جدید ترین آلات سے لیس ادارہ ہے اور ایوی ایشن سٹی پرجیکٹ کامرہ میں ایک جدید سوچ کے ساتھ تعمیر کیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کو بتایا گیا کہ رواں برس اکتوبر میں پاک فضائیہ کثیرالملکی فوجی مشقوں کی میزبانی بھی کرے گا جس میں 19 ممالک کے فضائی دستے شرکت کریں گے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایف 16 جنگی طیارے میں فائٹرپائلٹ کی پچھلی نشست رئیرکاک پٹ میں بیٹھ کر فوجی مشقوں کا جائزہ لیا اور وہ تاریخ کے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں جنہوں نے جہاز میں بیٹھ کر فوجی مشق میں شرکت کی، جب کہ دوسرے ایف 16 جہاز میں پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے فوجی مشق میں شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے ائیرفورس کے کمبیٹ افسران اور گرانڈ کریو کے ساتھ ملاقات کی جب کہ پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عزم حوصلے کو سراہتے ہوئے اظہار اطمنان کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ دنیا کی جدید ترین فضائیہ میں شامل ہے جو فضائی حدود کی محافظ ہے۔