تھائی لینڈ کی وزیراعظم اختیارات کے ناجائز استعمال پر عہدے سے برطرف

 تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے وزیراعظم یِنگ لک شناواترا کو اختیارات کے ناجائزاستعمال پر عہدے سے برطرف کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے یِنگ لک شناواترا کے خلاف درخواست پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ عبوری وزیر اعظم اپنے دور اقتدار میں اختیارات کے ناجائز استعمال کی مرتکب پائی گئی ہیں ، اس لئے اب وہ بطور عبوری وزیراعظم اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتیں۔واضح رہے کہ یِنگ لک شناواترا پر الزام تھا کہ انہوں نے 2011 میں اپنی سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچانے کے لئے قومی سلامتی کے شعبے کے سربراہ تھاوِل پلینسری کو برطرف کردیا تھا۔