شمالی کوریا ایک بار پھر ایٹمی تجربہ کرنے کی تیاریاں کررہا ہے، جنوبی کوریا

جنوبی کوریا نے دعوی کیا ہے کہ شمالی کوریا چوتھا نیوکلئیر ٹیسٹ کرنے کے آخری مراحل میں ہے اگر ایسا کیا گیا تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا جنگی عزائم کی خاطر چوتھا ایٹمی تجربہ کرنے جارہا ہے تاہم جنوبی کوریا جوابی کارروائی کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا عالمی خطرے کو بنیاد بنا کر ایٹمی تجربہ کرنا چاہتا ہے،دوسری جانب شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اسے امریکا کی جانب سے حملے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظراس کے لئے ایٹمی تجرنہ کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔واضح رہے کہ شمالی کوریا اس سے قبل 2006، 2009 اور 2013 میں کامیاب ایٹمی تجربے کرچکا ہے اور حال ہی میں امریکا اور جنوبی کوریا کی جانب سے دھمکیوں کے باوجود شمالی کوریا میزائل تجربے پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔