Get Adobe Flash player

ترکی میں ہیلی کاپٹر گرکرتباہ، پولیس اہلکاروں سمیت12 افراد ہلاک

ترکی کے مشرقی علاقے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار پولیس اہلکاروں سمیت بارہ افراد جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہیلی کاپٹر پر پولیس اہلکاروں سمیت ایک درجن افراد سوار تھے۔عرب ٹی وی کے مطابق ترک فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ مشرقی گورنری تونجلی میں خراب موسم کے باعث پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر پر ایک جج، سات پولیس اہلکارو اورایک فوجی افسر سمیت 12 افراد سوار تھے۔ترکی کے سرکاری میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا۔ تونجلی میں پہنچنے کے بعد ہیلی کاپٹر راڈار سے غائب ہوگیا جس کے بعد پتا چلا کہ وہ گر کرتباہ ہوگیا ہے۔قریبی علاقے دیار بکر سے ایک دوسرا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کی جگہ پر اترا اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ استنبول میں گردو غبار کے نتیجے میں ایک ہیلی کاپٹر گر کرتباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں چار روسیوں سمیت سات افراد جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ گذشتہ بسر جولائی میں شمال مشرقی ترکی میں جیریسون میں پیش آئے ایک حادثے میں سات افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے تھے۔