Get Adobe Flash player

مشرقی یوکرائن میں بلیک واٹر کے فوجی تعینات، جرمن اخبار کا انکشاف

ایک جرمن اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ مشرقی یوکرائن میں امریکی نجی سکیورٹی کمپنی ''بلیک واٹر'' کے فوجی تعینات ہیں۔ پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی کے اہلکاروں کو لوگانسک شہر کے علاقے میں تعینات کیا گیا ہے۔جرمن اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ مشرقی یوکرائن میں جدید اسلحے سے لیس سابقہ پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی ''بلیک واٹر'' کے سولجرز باغیوں کے خلاف متحرک ہیں۔ اخبار نے جرمنی کی وفاقی خفیہ ایجنسی بی این ڈی کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی پرائیویٹ کمپنی کے 400 اہلکار مشرقی یوکرائن میں کیف حکومت کے سکیورٹی دستوں کے ہمراہ تعینات ہیں۔ یہ فوجی جدید اسلحے سے لیس ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ ایک دو ہفتے قبل روسی نیوز ایجنسی انٹر فیکس نے باغیوں کے حوالے سے بتایا تھا کہ بعض فوجی انگریزی میں بات چیت کرتے ہیں۔ روس نے بھی دو مئی کے روز مشرقی یوکرائن کے شہر سلاویانسک میں کیف حکومت کے فوجی ایکشن پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اِس آپریشن میں یوکرائنی فوج کو کرائے کے امریکی فوجیوں کی معاونت حاصل تھی۔ جرمن اخبار کی رپورٹ پر کسی قسم کا تبصرے کرنے سے خفیہ ایجنسی بی این ڈی نے انکار کر دیا ہے۔ دوسری جانب سابقہ بلیک واٹر اور موجودہ سکیورٹی کمپنی اکاڈیمی نے دو ماہ قبل مارچ میں ایسی ہی اٹھنے والی خبروں کی تردید کی تھی۔ جرمن اخبار کے مطابق وفاقی خفیہ ایجنسی بی این ڈی کے تجزیاتی جائزے کے مطابق امریکی خفیہ ادارے یوکرائن میں پرائیویٹ کمپنی کی سرگرمیوں سے بخوبی واقف ہیں۔ جرمن خفیہ ادارے نے اپنی رپورٹ چانسلر دفتر کو 29 اپریل کو پیش کی تھی۔ مشرقی یوکرائن میں امریکی پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی کے اہلکاروں کو لوگانسک شہر کے علاقے میں تعینات کیا گیا ہے۔