امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ لگنے سے ہزاروں افراد کی نقل مکانی

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کردیا گیا ہے۔امریکی نشریاتی اداروں کے مطابق ریاست کیلی فورنیا کے سب سے بڑے شہر سان ڈیاگو سے 25 میل دور ساحلی علاقے کارلزبیڈ کے جنگلات میں گزشتہ روز شدید گرمی کے باعث آگ لگ گئی تھی۔ آگ کے باعث سیکڑوں گھروں کو بجلی کی ترسیل بھی معطل ہوگئی ہے، تیز ہوائوں اور سخت گرمی کے باعث آگ کے دائرے میں بدستور اضافہ ہورہا ہے جب کہ اب تک کئی رہائشی عمارتیں اس آگ کی لپیٹ میں آکر خاکستر ہوچکی ہیں۔مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح آبادی کا علاقے سے محفوظ انخلا ہے، اس کے لئے علاقے میں آباد 15 ہزار گھروں اور دکانوں کو خالی کرالیا گیا ہے اور یہاں آباد افراد کو عارضی طور پرقریبی اسکولوں اور دیگر عمارات میں منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جارہے ہیں۔