برطانیہ کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری، ہندوجا برادران سرفہرست

برطانیہ کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری کر دی گئی۔ بھارتی نژاد برطانوی شہری ہندوجا برادران مال ودولت میں سب کو پیچھے چھوڑ گئے۔ برطانیہ کے امیر ترین افراد کی فہرست میں ملکہ برطانیہ سمیت کئی کاروباری شخصیات، کھلاڑی، اداکار اور آن لائن بزنس کرنے والے افراد کے نام شامل ہیں۔ فہرست میں پہلی بار سب سے اوپر جگہ بھارتی نژاد ہندوجا برادران کی ہے جن کی مشترکہ دولت کا اندازہ 11 اعشاریہ 9 ارب ڈالر لگایا ہے۔ گرینڈ تھیفٹ آٹو اور کینڈی کرش جیسی ویڈیو گیمز بنانے والے دو نوجوان بھی امیر ترین افراد کی فہرست کا حصہ ہیں۔ نو کروڑ پائونڈ اثاثوں کے ساتھ وہ فہرست میں 947 ویں نمبر پر ہیں۔ آن لائن بزنس میں تیزی آنے کے بعد بوہو ڈاٹ کام کے مالک محمود کمانی بھی امرا ء کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 30 کروڑ پائونڈ ہے۔ برطانوی فٹبالر ڈیوڈ بیکھم اور ان کی اہلیہ وکٹوریہ بیکھم کی دولت 21 کروڑ پائونڈ ہے۔ ٹی وی ریالٹی شو ایکس فیکٹرکے سربراہ سائمن کوویل 30 کروڑ کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہیں۔ برطانوی ملکہ 1989 سے امرا ء کی فہرست کا حصہ ہیں۔ اس بار 33 کروڑ پائونڈ دولت کے ساتھ وہ فہرست میں 285ویں نمبر پر ہیں