Get Adobe Flash player

امریکا نے مزید 4 ملکوں کے شہریوں کیلیے ویزے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا

یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیوریٹی کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چار ملکوں کیلیے امریکی ویزوں پر تاحکمِ ثانی پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے کیونکہ وہ امریکی حکومت سے تعاون نہیں کررہے۔ویزا پابندی کی زد میں آنے والے ملکوں میں کمبوڈیا، اریٹیریا، گنی اور سیرالیون شامل ہیں جن کے بارے میں یو ایس ہوم لینڈ سیکیوریٹی ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ماضی میں جب بھی ان ممالک کے شہریوں کو (امریکی قوانین کی خلاف ورزی کے باعث) امریکا سے بے دخل کیا گیا تو انہوں نے اپنے شہریوں کو واپس قبول کرنے سے انکار کیا۔ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیوریٹی کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کو ان ملکوں پر ویزا پابندیوں کی باضابطہ درخواست بھجوائی جاچکی ہے جس کی مطابقت میں جلد ہی کوئی نیا حکم نامہ جاری کردیا جائے گا۔ ویزا پابندیوں کا اصل مقصد ان ممالک پر دبا ڈالنا ہے کہ وہ امریکا سے بے دخل کیے گئے اپنے شہریوں کو واپس قبول کریں اور اپنے مقامی قوانین کے مطابق ان پر مقدمات بھی چلائیں۔واضح رہے کہ امریکا میں وفاقی قانون کی رو سے وہاں کے وزیر خارجہ کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کسی ملک کے خلاف محدود یا مکمل ویزا پابندیاں عائد کرسکیں یعنی اب یہ فیصلہ موجودہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو کرنا ہوگا کہ وہ مذکورہ چاروں ممالک پر کس نوعیت کی اور کیسی ویزا پابندیاں عائد کرتے ہیں۔