امریکی خاتون نے لاٹری میں 80ارب روپے جیت لیے

ایک امریکی خاتون نے لاٹری میں 80 ارب روپے سے زائد جیت لیے اور انعام جیتتے ہی انہوں نے اپنی ملازمت کو بھی خیرباد کہہ دیا۔53سالہ میوس وینزک نے چند روز قبل میساچیوسیٹس کے ایک پیٹرول اسٹیشن سے لاٹری کا ٹکٹ خریدا تھا جسے پاور بال جیک پوٹ کا نام دیا گیا تھا اور امریکا میں بدھ کی شام اس کا اعلان کیا گیا۔ خوش قسمت خاتون نے بتایا کہ انہوں نے اپنے عزیزوں کی سالگرہ کی تاریخوں کی بنیاد پر لکی نمبر کا انتخاب کیا تھا۔یہ رقم 758 ملین امریکی ڈالر کے برابر ہے جو پاکستانی روپوں میں 80 ارب روپے کے لگ بھگ بنتی ہے۔ اتنی بڑی رقم جیتنے کے بعد میوس سیدھی اپنے باس کے پاس گئی اور اس سے کہا کہ میں کل سے کام پر نہیں آں گی۔ جیک پاٹ جیتنے والی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 32 سال سے ایک میڈیکل سینٹر پر ملازمت کر رہی ہیں لیکن اتنا بڑا انعام جیتنے کے بعد پرسکون انداز میں بیٹھ کر زندگی کا لطف اٹھانا چاہتی ہیں۔