Get Adobe Flash player

کابل کی مسجد پر حملے میں 20سے زائد افراد جاں بحق، 35زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کی مسجد میں شدت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک خود کش حملہ آور نے پہلے خود کو دھماکے سے اڑایا جس کے بعد مسلح افراد مسجد کے اندر گھس گئے اور فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق وزارت صحت نے 20 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں 35 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، دھماکے کے وقت مسجد کے اندر نمازی بڑی تعداد میں موجود تھے۔افغان میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسزنیعلاقے کوگھیرے میں لے کر شدت پسندوں کے خلاف 5 گھنٹے تک آپریشن کیا جس کے بعد تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق مطابق کابل کی مسجد میں داخل ہونے والے حملہ آوروں کی تعداد 4 تھی جنہوں نے پولیس کی وردی پہنی ہوئی تھی جب کہ حملہ آورگارڈز کو ہلاک کرکے مسجد میں داخل ہوئے۔ادھر افغان صدر اشرف غنی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے افغانستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا جب کہ انہوں نے علمائے کرام سے ان پرتشدد حملوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل بھی کی ۔