حج پر شاندار انتظامات، ہمہ وقت درود و سلام کی صدائیں

حج کے موقع پر مکہ مکرمہ اللہ اکبر اور درودسلام کی صداں سے گونج رہا ہے۔حرم شریف میں ہر طرف انسانوں کا سمندر ہے جوکعبہ شریف کے طواف میں مگن ہے اور یہ سلسلہ صرف اسی وقت تھمتا ہے جب اذان ہوتی ہے۔ اذان سے کچھ دیر قبل ہی حرم شریف میں موجود لوگ صفیں بنا کر بیٹھنا شروع کر دیتے ہیں تاہم طواف میں مصروف افراد بھی جماعت کھڑے ہوتے ہی طواف روک کر اس میں شریک ہو جاتے ہیں۔سعودی حکومت اور خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی طرف سے شاندار انتظامات کیے گئے ہیں اور بے مثال سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جس کا دنیا بھر سے آیا ہر حاجی معترف ہے۔ہر جگہ ترتیب، مہمان نوازی کاجذبہ نظر آتاہے جس سے دنیا بھر سے آئے عازمین حج نہ صرف متاثر ہیں بلکہ اسے سراہ بھی رہے ہیں۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی طرف سے اس سال گزشتہ 20 سال سے جاری پروگرام برنامج ضیوف خادم الحرمین شریفین کو نہ صرف جاری رکھا گیا ہے بلکہ وسعت بھی دی گئی ہے۔اس سال اس پروگرام کے تحت پاکستان، انڈونیشیا، انڈیا، ترکی، ملائیشیا، نائجیریا سمیت43 ممالک سے 2400 مسلمانوں کو خصوصی طور پر حج کیلیے بلایا گیا، سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعودان افرادکی میزبانی کر رہے ہیں اور تمام اخراجات اپنی ذاتی جیب سے کر رہے ہیں۔