بغداد کی پرہجوم مارکیٹ میں کار بم دھماکا، 12افراد ہلاک

عراق کے دارالحکومت بغداد کی پرہجوم مارکیٹ میں کار بم دھماکے کے نتیجے 12 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق عراقی حکام نے بتایا کہ بغداد کی ہول سیل جمیلہ مارکیٹ میں بارود سے بھری گاڑی میں صبح کے وقت زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 12 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ آس پاس کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ فضا میں دھویں کے بادل چھا گئے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔ حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔واضح رہے کہ عراق میں امریکی اور عراقی فورسز داعش کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں۔ شام کی سرحد سے متصل عراقی علاقے تلعفر میں داعش کا قبضہ ہے تاہم عراقی فورسز نے گزشتہ روز دعوی کیا تھا کہ انہوں نے تلعفر کے شمالی قصبے کو مکمل طور پر داعش کے قبضے سے چھڑالیا ہے۔