شمالی کوریا کا میزائل جاپان کی فضا سے گزر کر سمندر میں جا گرا

تمام تر عالمی دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو پچھلے تجربات سے بھی زیادہ سنگین قرار دیا جارہا ہے۔خبروں کے مطابق یہ پہلا موقعہ ہے کہ جب تجربے کے دوران داغا گیا شمالی کوریائی میزائل جاپان کی فضائی حدود سے گزرتا ہوا سمندر میں جا گرا اور تباہ ہوگیا۔جاپانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے میزائل کا یہ تجربہ مقامی وقت کے مطابق علی الصبح کیا جبکہ یہ میزائل جاپان کے مشرقی علاقے کی فضاں سے گزرتا ہوا سمندر میں جا گرا۔ جاپان کی جانب سے اس میزائل کو گرانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی البتہ میزائل گزرنے پر متعلقہ علاقے میں خطرے کے سائرن بجادیئے گئے اور لوگوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ احتیاطا تہہ خانوں میں چلے جائیں۔مزید خبروں سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ مذکورہ شمالی کوریائی میزائل کا اصل ہدف غالبا جاپانی سمندری حدود کے قریب ہی کہیں واقع تھا لیکن وہ اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں پھٹ گیا اور تین بڑے ٹکڑوں میں تقسیم ہوگیا۔ اس لحاظ سے یہ ایک ناکام میزائل تجربہ تھا۔