عرفان کو ہر قیمت پر ورلڈ کپ میں شامل کرانے کی کوششیں

پاکستان کرکٹ بورڈ فاسٹ بولر محمدعرفان کی عالمی کپ میں شرکت کویقینی بنانا چاہتا ہے۔ این سی اے کے ہیڈکوچ محمداکرم کا کہنا ہے کہ عرفان کی ریکوری حوصلہ افزا ہے،لیکن اسے کھلانے میں جلدبازی نہیں کی جائے گی۔ سات فٹ طویل قامت فاسٹ بولر محمدعرفان کولہے کے فریکچر کی وجہ سے جنوری سے پاکستان کی نمائندگی نہیں کررہے ہیں۔عرفان نیشنل اکیڈمی میں پی سی بی کے میڈیکل اسٹاف کے زیرعلاج ہیں۔ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمداکرم جوپہلے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ تھے، انہوں نے کہاکہ محمدعرفان کی ریکوری کافی حوصلہ افزا ہے اور ڈاکٹرز کے مطابق عرفان کو آپریشن کی ضرورت نہیں ہے، لیکن انہیں کھلانے میں جلد بازی نہیں کی جائے گی۔محمداکرم نے کہاکہ محمد عرفان ہمارے بہت اچھے اور اہم بولر ہیں۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی تیز اوربانسی وکٹوں پر وہ بہت مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔ بورڈ چاہتا ہے کہ عرفان سمیت تمام اہم پلیئرز عالمی کپ کیلئے دستیاب ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ عرفان کی فٹنس اور بحالی پر پوری توجہ دی جارہی ہے۔انہیں ورلڈکپ سے پہلے کچھ میچز کھلائے جائیں گے، اور مکمل فارم اور فٹنس کی ثابت ہونے کی صورت میں عالمی کپ کے اسکواڈ میں شامل کرلیا جائے گا۔