Get Adobe Flash player

وقار یونس کی تقرری درست مگر طریقہ کار غلط ہے،جاوید میانداد

سابق ٹیسٹ کپتان اور پی سی بی کے سابق ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے تقرری کو درست مگر طریقہ کار کو غلط قرار دیا ہے۔ ایک انٹرویو میںجاوید میانداد نے کہا کہ بورڈ کی جانب نے وقار یونس کو ہیڈ کوچ مقرر کرنا درست مگر جو طریقہ کار اختیار کیا گیا وہ درست نہیں، انھوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کو4ماہ کے لیے پی سی بی کی چیئرمین شپ ملی،وہ 2برس کے لیے کوچ کی نامزدگی کیسے کر سکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ کوچ کے عہدے کے لیے اخبارات میں اشتہارات دیے گئے تھے،بعد ازاں اپلائی کرنے والے امیدواروں کو نہ تو شارٹ لسٹ کیا گیا اور نہ ہی کسی امیدوار کو انٹرویو کے لیے طلب کیا گیا، بلکہ تقرری کے لیے درست راستہ اپنانے کی بجائے غلط طریقہ سے ہیڈ کو چ کی تقرری عمل میں لائی گئی، انھوں نے کہا کہ ایسا کرنے پر نجم سیٹھی اور کوچ کمیٹی کو عدالت میں کھڑا کرنا چاہیے۔ سابق لیگ اسپنر عبدالقادر نے کہا کہ ماضی میں خان محمد، وسیم راجہ، مشتاق محمد اور مدثر نذر انگلینڈ میں رہتے رہے لیکن پی سی بی کی ان پر نوازشوں کا سلسلہ جاری رہا، سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس نہ جانے آخر کون سی دور بین ہے۔