پاکستان کے خلاف شیڈول سیریز کانٹے دار ہو گی مائیکل کلارک

آسٹریلوی ٹیم کے قائد اور مایہ ناز بلے باز مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ رواں برس اکتوبر میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں شیڈول سیریز کانٹے دار ہو گی،متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سپنرز کو سنبھل کر کھیلنا بلے بازوں کیلئے امتحان ہو گا تاہم چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ۔ ایک انٹرویو میں آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ پاکستان مضبوط ٹیم ہے اور وہ ماضی میں یو اے ایکے مقام پر کئی فتوحات حاصل کر چکی ہے  گرین شرٹس کے کھلاڑی کنڈیشنز سے اچھی ہم آہنگی رکھتے ہیں اسلئے اسے زیر کرنے کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔ پاکستان کے پاس اچھے فاسٹ بائولرز، سپنرز اور تجربہ کار بلے باز ہیں اسلئے میں سمجھتا ہوں کہ ہماری ٹیم کیلئے یہ سیریز چیلنجنگ ہو گی تاہم ہم بھرپور مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپن فرینڈلی کنڈیشنز میں پاکستان کو شکست دینا آسان نہیں ہو گا، ہمارے بلے بازوں کو سپنرز کے خلاف کھیلنے میں مشکل درپیش آتی ہے، کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے بلے بازوں کو سخت محنت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ شروع ہونے میں ابھی کئی ماہ باقی ہیں اور کھلاڑیوں کے پاس سلیکٹرز کو مطمئن کرنے کا نادر موقع ہے جو کھلاڑی مستقل مزاجی سے کھیل پیش کریں گے سلیکٹرز انہیں آئندہ برس ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع دیں گے