رانا مجاہد کے ویژن سے ہاکی میں پاکستان کا دوبارہ راج ہوگا، محمد اخلاق

 اولمپیئن محمد اخلاق احمد نے کہا ہے کہ پی ایچ ایف کے سیکرٹری رانا مجاہد کے ویژن 2020ء کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، قومی ہاکی ٹیم اپنا کھویا ہوا مقام بہت جلد واپس حاصل کرلے گی ۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میںخصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد اخلاق نے کہاکہ ہاکی کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایسا ویژن دیا گیا ہے اور انہیں پوری امید ہے کہ اس کی تکمیل سے ہاکی کے میدانوں پر ایک بار پھر پاکستان کا راج ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ طاہر زمان کی زیر نگرانی انڈر 16ہاکی ٹیم پر چھ سال تک کام کیا جائے گا اور پھر جب وہ قومی ہاکی ٹیم کا حصہ بنے گی تو اس کی پرفارمنس شاندار ہوگی ۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ پی ایچ ایف کے سیکرٹری کے ویژن کی تکمیل اور ہاکی کی ترقی کے لئے بنائے گئے منصوبوں کے لئے فور ی طور پر فنڈز مہیا کرے تاکہ قومی کھیل ہاکی میں بہتری لائی جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ پی ایچ ایف نے ہاکی کے کوچز اور سلیکشن کمیٹی کو مکمل طور پر با اختیار بنا کر تاریخی کام کیا ہے ۔ وہ اب ٹیم کی بہتری کے لئے کھل کر کام کرسکتے ہیں اور ٹیم کی اچھی بری پرفارمنس کی ذمہ داری بھی ان پر ہی عائد ہوگی ۔محمد اخلاق نے کہا کہ پی ایچ ایف کی بھارت کے ساتھ روایتی ہاکی سیریز کی بحالی کے لئے بات چیت مثبت رہی ہے اور انہیں پوری امید ہے کہ بھارتی الیکشن کے بعد بھارتی ٹیم پاکستان میں دو میچز اور پاکستان کی ٹیم بھارت میں چھ میچز کھیلے گی ۔