Get Adobe Flash player

چیئرمین پی سی بی تقرری کیس، نجم سیٹھی ،ذکاء اشرف سمیت تمام فریقین کونوٹسز جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی تقرری کے خلاف کیس میں نجم سیٹھی اور ذکا اشرف سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس نور الحق قریشی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کو تحلیل کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے سابق رکن ارشد حسین کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بورڈ آف گورنرز کو تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن درست نہیں۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ذکا اشرف کی بطور چیئرمین بحالی کا حکم دیا تھا جبکہ وزیراعظم نے قواعدوضوابط سے ہٹ کر نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی مقررکردیا،درخواست میں کہا گیا ہے کہ نجم سیٹھی کی جانب سے بورڈ آف گورنرز کو تحلیل کرنے کا اقدام بھی غیر آئینی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ بورڈ آف گورنرز کو بحال کیا جائے۔ عدالت نے چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی،سابق چئیرمین پی سی بی ذکاء اشرف اور وفاق سمیت تمام فریقین کو نوٹسزجاری کردیئے۔ بعد میں کیس کی سماعت پندرہ مئی تک ملتوی کردی گئی۔