مکمل فٹ ہو کر اپنی کارکردگی کو بحال کرنا چاہتا ہوں،عمر گل

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر عمر گل نے کہا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کیلئے قومی ٹیم کی قیادت کرنا ایک اعزاز ہوتا ہے لیکن اس کا فیصلہ کھلاڑی نے نہیں بورڈنے کرنا ہوتا ہے ،فی الحال کپتانی کی بجائے مکمل فٹ ہوکر اپنی کارکردگی کو بحال کرنا چاہتا ہوں اور اسکے بعد اس طرح کی کوئی خواہش بھی ہو گی ،کائونٹی کلب سے معاہدہ ہونے کے باوجود فٹنس اور کارکردگی کی بحالی کے لئے سمر کیمپ کو ترجیح دی ،اگر یہ سمجھا کہ ٹیسٹ کھیلنے فٹ نہیں ہوں تو از خود ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنت لے لوں گا ۔ منگل کے روز قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ میں نے ہمیشہ مصباح اور حفیظ کی سپورٹ کی ہے ،کسی کھلاڑی کو قیادت سونپنا بورڈ کی ذمہ داری ہوتی ہے ،بورڈ کسی سینئر یا جونیئر جس کو بھی کپتان بنائے گا تو اسے بھی سپورٹ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سمر کیمپ میں تمام کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں جو آنے والے ایونٹس میں کھلاڑیوں کے لئے مدد گار ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس اور کارکردگی بحال کرنے کے لئے بھرپور محنت کر رہا ہوں او ریہی وجہ ہے کہ کائونٹی کلب سے کنٹریکٹ ہونے کے باوجود سمر کیمپ میں ٹریننگ کو ترجیح دی ۔