Get Adobe Flash player

نجم سیٹھی کی بورڈکے نئے آئین کے مسودہ پر مشاورت شروع

پاکستان کرکٹ بورڈکی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پی سی بی کے نئے آئین کے مسودہ پر مشاورت شروع کردی ،نئے آئین کے مسودے پر غور کیلئے بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس بھی جلد بلائے جانے کا امکان ہے ۔پی سی بی کے ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈکی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پی سی بی کے نئے آئین کے مسودہ پراپنے مشیر خاص ظہیر عباس، انتخاب عالم ، ہارون رشید سمیت دیگر سابق کرکٹرزسے مشاورت کی ہے ۔نجم سیٹھی نے انتظامی کمیٹی کا اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ بیرون ملک دورے سے واپسی پر کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں آئین کا مسودہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوائیں گے ۔پی سی بی کے نئے آئیں میں زیادہ تر اختیارات چیف ایگزیکٹیو کو تفویض کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ نئے چیئرمین کا انتخاب نامزدگی کے بجائے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئین سابق چیئر مین ذکا اشرف کے دور میں تیار ہواہے ۔ گذشتہ سال اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کا انتخاب غیرشفاف قرار دیتے ہوئے آئین بھی معطل کردیا۔ بین الصوبائی رابطے کی وزارت کی ایس آر او کے تحت نجم سیٹھی نے بورڈ کا چارج سنبھالا۔