انڈر21ورلڈاسنوکر چیمپئن شپ، پاکستان کی مسلسل 11ویں کامیابی

 انڈر ٹوئنٹی ون ورلڈ اسنوکر چیمپیئن شپ میں پاکستان نے مسلسل گیارہویں کامیابی حاصل کرلی۔ حمزہ اکبر، ماجد علی اور محمد فہیم نے مسلسل تیسرا میچ جیت کر دوسرے راونڈ میں جگہ بنالی۔متحدہ عرب امارات کی ریاست الفجیرہ میں کھیلی جارہی ورلڈ اسنوکر چیمپیئن شپ میں پاکستان کے محمد فہیم نے یو اے ای کے عبدالسلام کو چار صفر سے شکست دی۔ محمد فہیم کی فتح کا اسکور اکیانوے ایک، بہتر انتالیس، اٹھاون بیالیس اور بہتر سات رہا۔ حمزہ اکبر نے بھی آئرلینڈ کے ڈیوڈ کیسڈی کو چارصفر سے ہراکرمسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔ حمزہ اکبر کی فتح کا اسکور پچھیاسی صفر، ستاون سات، چھہتر انہتر اور اکیاسی گیارہ رہا۔ دوسری جانب پاکستان کے محمد ماجد اور بیلجیئم کے جیف جیکب کے درمیان مقابلہ دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔ محمد ماجد نے بیلجیئم کے کیوئسٹ کو دو کے مقابلے میں چار فریمز سے زیر کیا۔ ماجد کی فتح کا اسکور تینتیس اناسی، سات چھیانوے۔ اٹھاون اننچاس، اڑسٹھ نو ،اڑسٹھ اڑتالیس اور باسٹھ تینتالیس رہا۔