شدید گرمی میں قومی کرکٹرزکو سمر کیمپ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا،جاوید میانداد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وکوچ جاوید میانداد نے کہا ہے کہ اتنی شدید گرمی میں قومی کرکٹرز کا سمر کیمپ کے لگانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ اس اسٹیج پر قومی کرکٹرز کو کیمپ کی ضرورت نہیں ہوتی ہے کیونکہ وہ فٹ رہنے کے لئے خود بھی پریکٹس کرتے رہتے ہیں اور انہیں کم از کم اتنا علم ہوتا ہے کہ خود کو آنے والے وقت کیلئے کس طرح تیار کرنا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ان کھلاڑیوں کو لاہور کی جان نکال دینے والی گرمی میں کیمپ کی صعوبت سے گزار کر انہیں مزید کمزور اور نڈھال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جن کے انجریز میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔جاوید میاندادنے کہاکہ ان کے دور میں کبھی سمر کیمپس نہیں لگائے جاتے تھے بلکہ کھلاڑیوں کو از خود ہی پریکٹس اور ورزش کرنے کی ہدایت کی جاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بدلے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہئے تھا کہ قومی کرکٹرز کے لئے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جاتا تاکہ بھرپور مقابلے کے رجحان کے ساتھ انہیں کچھ سیکھنے کا موقع ملتا اور شائقین کیلئے بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کا سامان کر لیا جاتا۔جاوید میانداد نے کہا کہ اگر کیمپ لگانا ہی تھا تو پہلے پی سی بی کو چاہئے تھا کہ کوچز کا اعلان کرتا اس کے بعد کیمپ کے شیڈول کا اعلان کرنا چاہئے تھا۔