Get Adobe Flash player

ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کیلئے شہزاد سے بہتر کوئی امیدوار نہیں،محمد وسیم

سابق پاکستانی بلے باز محمد وسیم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو احمد شہزاد کو قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کا نیا کپتان بنانے کی تجویز دے دی اور کہا ہے کہ آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کے بعد انہیں مصباح الحق کی جگہ ون ڈے ٹیم کی قیادت سونپی جائے۔ محمد حفیظ نے بنگلہ دیش میں منعقدہ پانچویں ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں ناکامی کے بعد ٹیم کی قیادت سے استعفی دے دیا تھا۔ جمعرات کو محمد وسیم نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے خیال میں اس وقت ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کیلئے شہزاد سے بہتر کوئی امیدوار نہیں، ہمیں ابھی سے مستقبل کے حوالے سے پلان بنانے کی ضرورت ہے اسلئے میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں شہزاد کو بڑے مقاصد کیلئے تیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مصباح الحق اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں امید ہے کہ ورلڈ کپ ان کیلئے اچھا رہے گا تاہم میگا ایونٹ ختم ہونے کے بعد ان کی جگہ شہزاد کو ون ڈے اور اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ون ڈے سے مختلف ہے اسلئے میری تجویز ہے کہ پی سی بی کو مصباح الحق کے بعد اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنی چاہیے اس کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔