بگ تھری سے انٹرنیشنل کرکٹ تباہ ہوجائے گی، احسان مانی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی نے کہاہے کہ بگ تھری انٹرنیشنل کرکٹ تباہ کردیں گے۔ایک انٹرویو میں احسان مانی نے کہا کہ ہ ہمیشہ سے کھیل میں گڈ گورننس کے حامی رہے ہیں، اگرچہ ان کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے تعلق کب کا ٹوٹ چکا مگر کرکٹ سے رشتہ ایسا جڑا کہ وہ اب بھی اس کے لئے فکر مند رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بگ تھری کے گٹھ جوڑ کے خلاف آواز اْٹھانے والے پہلے بڑے آفیشل تھے۔ انہوں نے کہا کہ بگ تھری سے انٹرنیشنل کرکٹ تباہ ہوجائیگی۔انہوں نے پاکستان کرکٹ کے حوالے سے کہاکہ بدقسمتی سے پی سی بی کی پالیسیاں چیئرمین کے ساتھ ہی بدل جاتی ہیں۔ حالانکہ پوری دْنیا میں ایسا کہیں نہیں ہوتا۔ احسان مانی نے کہاکہ محمد عامر کے معاملے پر پی سی بی روزنئے تماشے لگارہا ہے ، جس نے بھی غلط کام کیا ہے اسے سزا ملنی چاہیے ،عامر شیر خوار بچہ نہیں تھا کہ اسے پتہ نہیں چلا کہ وہ کس گندے کھیل کا حصہ بن رہا ہے۔