Get Adobe Flash player

ورلڈ کپ سر پر ہے، میگا ایونٹ کیلئے جنگی بنیادوں پر تیاریاں شروع کرنا ہونگی،وقاریونس

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ وقاریونس نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے تمام سپورٹ سٹاف کی بھرتی میں میری مشاورت شامل ہے،90ء کی دہائی کے کرکٹرز کی پاکستان کرکٹ کی خدمت کیلئے سامنے آنا خوش آئندہے،ورلڈکپ سر پر ہے،میگا ایونٹ کیلئے جنگی بنیادوں پر تیاریاں شروع کرنا ہوں گی۔بھارتی خبررساں ادارے کو انٹرویومیں سابق کپتان نے کہاکہ بورڈ کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے مطابق بورڈ قومی ٹیم کے تمام سپورٹ سٹاف کی بھرتی میں میری مشاورت کررہا ہے ،دنیا کا بہترین سپورٹ سٹاف تعینات کررہے ہیں جس سے ٹیم کی پیشہ وارانہ صلاحیتیوں میں اضافہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق ٹیم کے انتخاب میں میری رائے حتمی تصور ہوگی ، معین خان کے ساتھ ہم آہنگی ہے ،کوشش ہوگی کہ پاکستان کرکٹ کو فتوحات کے راستے پر گامزن کریں ۔انہوں نے کہاکہ90ء کی دہائی کے کرکٹرز کی پاکستان کرکٹ کی خدمت کیلئے سامنے آنا خوش آئندہے،اس وقت میرے دور کے بیشتر کھلاڑی پاکستان کرکٹ کی خدمت کررہے ہیں ، مشتاق احمد ، اعجازاحمد،باسط علی ، معین خان ،محمد اکرم ، شعیب محمد ، وجاہت اللہ واسطی ، سلیم یوسف نوے کی دہائی کے کھلاڑی ہیں جن کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔