سنوکر چیمپئن شپ ،محمد فہیم نے لاسٹ 32 رائونڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا

پاکستانی کیوئسٹ محمد فہیم نے آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ کے لاسٹ 32 رائونڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ محمد حارث ندیم لاسٹ 48 رائونڈ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ متحدہ عرب امارات میں جاری ایونٹ میںکھیلے گئے لاسٹ 48 رائونڈ میچ میں پاکستانی کیوئسٹ محمد فہیم کا مقابلہ روایتی حریف بھارتی کیوئسٹ ساحل نیر سے تھا۔ فہیم نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور حریف کیوئسٹ کو یک طرفہ مقابلے میں بیسٹ آف سیون فریمز میں 4-0 فریمز سے شکست دیکر لاسٹ 32 رائونڈ میں جگہ بنائی۔ فہیم کی جیت کا سکور 71-6، 72-44، 62-10 اور 84-9 رہا۔ ایک اور میچ میں پاکستان کے محمد حارث ندیم کا مقابلہ حریف آسٹریلین کیوئسٹ کرٹ برائون سے تھا۔ دونوں کے درمیان مقابلہ دلچسپ رہا تاہم قسمت نے ندیم کا ساتھ نہ دیا اور آسٹریلین کیوئسٹ 4-2 فریمز سے فتح یاب رہا۔ پہلے فریم میں برائون نے ندیم کو 74-25 سے شکست دی، ندیم نے دوسرا فریم 61-53 سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا، تیسرے اور چوتھے فریم میں آسٹریلین کیوئسٹ نے ندیم کے خلاف 97-22 اور 72-2  سے کامیابی حاصل کر کے سکور 3-1 کر دیا، پانچویں فریم میں ندیم نے برائون کو 100-39 سے شکست دے کر کم بیک کیا تاہم چھٹے فریم میں برائون نے ندیم کے خلاف 79-69 سے کامیابی حاصل کر کے اگلے رائونڈ میں جگہ بنا لی۔