Get Adobe Flash player

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی فارغ، ذکاء اشر ف عہدے پر بحال

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تقرری کالعدم قرار دیتے ہوئے سابق چیرمین ذکا اشرف کو چیرمین پی سی بی کے عہدے پر بحال کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے چیرمین پی سی بی تقرری کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نجم سیٹھی کی بطور چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تقرری کو کالعدم قرار دیا ہے جبکہ سابق چیرمین ذکا اشرف کو چیرمین پی سی بی کے عہدے پر ایک بار پھر بحال کردیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے برطرف 38 ملازمین کو بھی بحال کردیا ہے۔ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں 10 فروری 2014 کو جاری ہونیو الے نوٹی فکیشن جس کے تحت نجم سیٹھی کو چیرمین پی سی بی مقرر کیا گیا تھا اسے بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے بورڈ میں بنائی جانے والی انتظامی عبوری کمیٹی اور سپر سیشن کو بھی ختم کرنے کا حکم دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ اپنی بحالی پر اللہ تعالی اور عدلیہ کا شکر ادا کرتا ہوں جبکہ عدالت کے فیصلے سے کرکٹ میں جمہوریت کی فتح ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کرکٹ کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ چیئرمین شپ کا مسئلہ میرانہیں ، اسلام آبادہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ نہیں جائوں گا، یہ مسئلہ حکومت اور ذکاء اشرف کا ہے۔ نجم سیٹھی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کیلئے بہت کچھ کیا جا رہا تھا، بہت ساری خوشخبریاں تھیں جو میں عنقریب دینے والاتھا۔