پی سی بی کا نیا آئینی ڈرافٹ منظوری کیلئے حکومت کو ارسال

 پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کا ڈرافٹ منظوری کیلئے حکومت کو بھجوا دیا گیا،نئے آئین پر مشاورت کے لیے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس نجم سیٹھی کی سربراہی میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر زلاہور میں ہوا ۔اجلاس میں پی سی مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین شہر یار خان، شکیل شیخ ، نوید اکرم چیمہ،سبحان احمد ، یوسف کھوکھراورسیکریٹری آئی پی سی اعجاز چوہدری نے شرکت کی ۔ ظہیر عباس اور اقبال قاسم نجی مصروفیت کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ۔ اجلاس میں پی سی بی کے دوہزار بارہ اور دو ہزار تیرہ کے آڈٹ اکاؤنٹس نئے ایکسٹرنل آڈیٹر کی تعیناتی سمیت نئے آئین کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ طے پانے والے فیوچر ٹور پروگرام پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا ۔ مینجمنٹ کمیٹی نے سلیکشن کمیٹی اور کوچز کی تقرری کی منظوری دیدی ۔ پی سی بی نے بورڈ کے نئے آئین کا ڈرافٹ حکومت کو منظوری کیلئے بھجوا دیا جسکی باضبابطہ منظوری وزیراعظم اور پی سی بی کے پیٹرن انچیف میاں نواز شریف دیں گے ۔ لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے مینجمنٹ کمیٹی کو کالعدم قرار دیئے جانے اور ذکا اشرف کے عہدے پر بحالی کے بعد نئے آئین پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔