جشن کا وقت ختم ،اب دوبارہ کام کاوقت آگیا ' ہیڈ کوچ مکی آرتھر

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ چیمپینز ٹرافی کے جشن کا وقت ختم ہوگیا اب دوبارہ کام کاوقت آگیا ہے،بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ٹیم بہتر سے بہتر ہورہی ہے،ٹیم کے مستقبل سے بہت پر امید ہوں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ مصباح الحق اور یونس خان کی جگہ لینے کے لیے نوجوان کھلاڑی موجود ہیں، بابر اعظم اور اسد شفیق سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں جبکہ نئے کھلاڑی بھی آگے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض اچھے بائولر ہیں جبکہ فٹنس کے لیے عمر اکمل کو محنت کرنا ہوگی، عمراکمل فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہوئے تو ہم کیا کر سکتے ہیں، اب ان پرمنحصر ہے کہ وہ کتنی جلدی معیار پر پورا اترتے ہیں۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے جشن کا وقت ختم ہوگیا، اب دوبارہ کام کاوقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کیمپ 22 اگست کو شروع ہوگا، ہم نے فٹنس کے لیے ایک معیار رکھا ہے جسے سب کھلاڑیوں کو پورا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا بولنگ میں بہت سخت مقابلہ ہے، بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ٹیم بہتر سے بہتر ہورہی ہے۔مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقبل سے بہت پر امید ہوں، ہمارا ہدف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میں نمبر ون ٹیم بننا ہے تاہم اس ہدف کو حاصل کرنے میں وقت لگے گا۔