رومان رئیس بھی کانٹی کرکٹ کا حصہ بننے کیلئے تیار

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس بھی کانٹی کرکٹ کھیلنے کیلیے تیار ہیں۔ ڈرہم نے ان کو بھی کانٹی کرکٹ کھیلنے کی پیش کش کی ہے۔پیسر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلش کانٹی ڈرہم نے رابطہ کیا ہے، معاہدہ طے پا جانے پر اگلے سیزن میں ڈرہم کی نمائندگی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کانٹی کرکٹ کھیلنے سے تجربہ میں اضافہ ہو گا اور کھیل میں نکھار آئے گا۔چیمپئنز ٹرافی کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم میں شامل رومان رئیس کو اگرچہ محمد عامر کی انجری کے باعث صرف ایک میچ میں شمولیت کا موقع ملا تاہم انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، قبل ازیں قومی کپتان سرفراز احمد، جنید خان، محمد عامر اور سابق کپتان شاہد آفریدی بھی کانٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔دوسری جانب فخر زمان، شاداب خان، بابر اعظم، شعیب ملک، وہاب ریاض، سہیل تنویر، عماد وسیم، محمد سمیع، محمد حفیظ، حسن علی اور کامران اکمل آج شروع ہونے والی کیریبین کرکٹ لیگ کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گے۔