عبدالقادر نے گورننگ بورڈ کی اہلیت پر سوال اٹھا دیا

سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے موجودہ گورننگ بورڈکی اہلیت پر ہی سوال اٹھا دیا۔سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ پی سی بی کرکٹرز کی جاگیر ہے،گورننگ بورڈ تمام سابق کھلاڑیوں پر مشتمل ہونا چاہیے، ماضی کے عظیم لیگ اسپنر کی رائے میں نجم سیٹھی کی اصل قابلیت سیاست میں ہے،وہ کرکٹ بورڈ کا سربراہ بننے کے بجائے سیاستدان بنیں، شکیل شیخ سمیت متعدد افراد بورڈ پر بوجھ ہیں، ایسے افراد خود ہی اپنے عہدے چھوڑ دیں،انکار کی صورت میں انھیں نکال دینا چاہیے۔ وہ گزشتہ روز نمائندہ ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کر رہے تھے۔عبدالقادرنے کہا کہ ملکی کرکٹ میں چیئرمین پی سی بی، چیف آپریٹنگ آفیسر، گورننگ بورڈ اور ریجنل صدور سب سے اہم عہدے ہیں،افسوس سے کہنا پڑتا ہے ان تمام بڑے عہدوں پر نان کرکٹرز کا راج ہے، پی سی بی کو ٹھیک کرنا ہے تو 4 میں سے کم از کم2 عہدے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے پاس ضرور رہنے چاہئیں۔