Get Adobe Flash player

انگلینڈ سے ون ڈے سیریز میں کرس گیل کی ٹیم میں واپسی کا عندیہ

انگلینڈ سے رواں سیزن میں شیڈول ون ڈے سیریز کیلئے ویسٹ انڈین اسکواڈ میں اسٹار بیٹسمین کرس گیل کی واپسی کا امکان روشن ہوگیا۔ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے نئے چیف ایگزیکٹیو جونی گریو نے برطانوی میڈیا سے گفتگو میں عندیہ دیا ہے کہ ماضی میں دنیا بھر کی لیگز کو ملکی کرکٹ پر ترجیح دینے والے پلیئرز سے نرمی برتنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور ہمیں امید ہے کہ کرس گیل اور مارلون سموئلز کو ہم ون ڈے ٹیم میں واپسی لانے میں کامیاب رہیں گے۔واضح رہے کہ گیل نے آخری بار 2015 میں ویسٹ انڈیز کیلیے وائٹ کرکٹ بال میچز میں حصہ لیا تھا، تاہم اب وہ انگلینڈ سے ون ڈے کرکٹ سیریز کا حصہ بنائے جاسکتے ہیں، ماضی میں پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن سے بھی وابستہ رہنے والے جونی گریو نے مزید کہا کہ ہم نے گذشتہ ماہ پلیئرز کیلیے ایمنسٹی کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد گیل جیسے اسٹارز پر عائد پابندی ختم ہوجائے گی اور وہ ون ڈے ٹیم میں سلیکشن کیلیے دستیاب ہوں گے، ہم پلیئرز کے ساتھ قانونی مسائل کو حل کرنے کیلیے زیادہ رقم خرچ کررہے ہیں، ہم نے ایمنسٹی پر ہونیو الی پیشرفت کو لوگوں کے سامنے بھی نمایاں کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ایک یا دو بڑے نام واپس 50 اوورز کی کرکٹ میں شامل کرلیے جائیں، ایون لوئس نے حال ہی میں بھارت سے ہوم سیریز میں ٹی 20 میں سنچری بنائی تھی، اس نے ہمیں بتایا تھا کہ مجھ سے دو کھلاڑیوں نے ٹیم میں واپسی کے حوالے سے بات کی تھی جو کرس گیل اور مارلون سموئلز تھے۔جونی گریو نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ ہم ان دونوں کو انگلینڈ کیخلاف ستمبر میں شیڈول ون ڈے سیریز میں دوبارہ ایکشن میں دیکھ سکیں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان 5 ون ڈے میچز شیڈول ہیں اس کے بعد چسٹرلی اسٹریٹ میں ایک ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل بھی کھیلا جائیگا، سردست انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جمعرات سے تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز شروع ہونے جارہی ہے، جس کا پہلا مقابلہ ایجبسٹن میں ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور اس میں گلابی گیند استعمال کی جائے گی۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ جیتے ہوئے 17 برس بیت چکے ہیں جبکہ سیریز جیتنے کا کارنامہ کالی آندھی انگلش سرزمین پر 1988 سے انجام نہیں دیا ہے، اس ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے انگلش ٹیم کو فیورٹ بھی قرار دیا جارہا ہے۔