سری لنکن بورڈ کی ٹور کیلئے کلیئرنس نیک شگون ہے ،ظہیرعباس

ایشین بریڈ مین ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا پاکستان ٹور کیلئے کلیئرنس دینے کا فیصلہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے نیک شگون ثابت ہو گا۔انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی حالیہ عرصے میں ان کی کئی غیر ملکی پلیئرز سے بات چیت ہوئی جو پاکستان آکر کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ سری لنکن کرکٹ کے سربراہ تھیلنگا سماتھی پالا کے مثبت طرز عمل پر اظہارخیال کرتے ہوئے ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ جس ٹیم پر لاہور میں حملہ ہوا اس کا پاکستان آنے کا ارادہ دوسری ٹیموں کا اعتماد بھی بحال کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم اگر شیڈول کے مطابق پاکستان آگئی تو پھر دیگر غیر ملکی ٹیموں کے پاس بھی پاکستان نہ آنے کا کوئی مضبوط بہانہ نہیں رہے گا۔ ایک سوال پر ظہیر عباس نے امید ظاہر کی کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دورہ پوری کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو تاکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے بند دروازے دوبارہ کھل سکیں۔سابق ٹیسٹ کرکٹر کایو ا ین پی سے کہنا تھا کہ وہ اسپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ منسلک رہتے ہوئے اپنی سی کوشش کر رہے ہیں کہ پورے صوبے میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں کیلئے اکیڈمیوں کی تعمیر کی جائے۔ ظہیرعباس کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی جیت کر قومی کرکٹ ٹیم نے نہ صرف عظیم بلکہ تاریخی کامیابی حاصل کی اور اس فتح سے بھی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اپنی بہترین کارکردگی کے اس سلسلے کو برقرار رکھے گی۔