Get Adobe Flash player

ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان کرکٹ بحالی کے سفر کا آغاز ہے، ڈیوڈ رچرڈسن

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان بحالی کے سفر کا آغاز ہے اور ورلڈ الیون کے دورہ سے انٹرنیشنل کمیونٹی کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اہم ہے جس پر بہت خوشی ہے، پاکستانی عوام کرکٹ سے محبت کرنے والے ہیں جب کہ پاکستان ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی اور چیمپئنز ٹرافی بھی اپنے نام کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کمیونٹی کا ایک ناگزیر حصہ ہے اور یہاں عالمی کرکٹ کی بحالی کیلیے سنجیدہ ہیں جب کہ سب کچھ ٹھیک چلتا رہا تو آئی سی سی ایونٹ بھی پاکستان میں ہوسکتا ہے۔ڈیوڈ رچرڈ سن نے کہا کہ سیکیورٹی کا مسئلہ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا کے ہر کونے میں ہے، کرکٹ کے علاوہ تمام کھیلوں کو بھی سیکیورٹی خدشات ہیں، جائلز کلارک کی مثبت رپورٹ کے بعد آئی سی سی نے ورلڈ الیون کو پاکستان بھیجنے کی حامی بھری جب کہ دونوں ٹیموں کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی بحالی ایک طویل مرحلہ ہے جس کیلیے مرحلہ وار اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ممبر ممالک کے دورے اس حوالے سے اہم ہوں گے۔ پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد سے بھی عالمی کمیونٹی کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوگا۔ انہوں نے بھرپور سپورٹ پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔