نجم سیٹھی کو تاحال حکومتی سپورٹ نہیں مل سکی

نجم سیٹھی کو اننگز جاری رکھنے کیلیے تاحال حکومتی سپورٹ نہیں مل سکی۔عمران خان اور نجم سیٹھی کے تعلقات کافی عرصے سے کشیدہ ہیں، عام انتخابات میں تحریک انصاف کی فتح کے بعد عام تاثر یہی ہے کہ چیئرمین پی سی بی کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا،ان کے قریبی ذرائع کہتے ہیں کہ تاحال کسی حکومتی شخصیت نے رابطہ کر کے یہ نہیں کہا کہ کام جاری رکھیں، اگر صورتحال برقرار رہی تو غیریقینی کے اس ماحول میں استعفی ہی ان کی ترجیح ہوگی۔گزشتہ دنوں بھی انھوں نے اس آپشن پر غور کیا تو قریبی رفقا نے مشورہ دیا کہ ابھی عمران خان کو بطور وزیر اعظم حلف تو اٹھانے دیں، کرکٹ ان کی ترجیحات میں شامل نہیں ہوگی ۔ لہذا انتظار کریں۔