دوسرے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کا کام جاری

ملک میں دوسرے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کا کام جاری ہے اور تیسرے سہ ماہی کے دوران اس کی تکمیل متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک میں پہلے ایل این جی ری گیسیفیکیشن ٹرمینل نے 27مارچ 2015کو کام شروع کیا تھا،مارچ2015سے لیکر اب تک اس ایل این جی ٹرمینل پر 83بار سے زائد کارگو کی نقل وحمل ریکارڈ کی جاچکی ہے، اس ٹرمینل کی ری گیسیفیکیشن استعداد کار 600ملین کیوبک فٹ یومیہ ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان این جی ٹرمینل لیمیٹڈ(پی ایل ٹی ایل) کی جانب سے پاکستان گیس پورٹ کمپنی کو دوسرے ٹرمیینل کے قیام کی اجازت دیدی گئی ہے۔یہ ٹرمینل سال 2017کی تیسری سہ ماہی میں مکمل ہوگا۔فی الوقت پہلے ٹرمینل سے 600ملین کیوبک فٹ گیس فراہم کی جارہی ہے،دوسرے ٹرمینل کی تکمیل سے ری گیسیفیکیشن کا حجم 1200ملین کیوبک فٹ یومیہ تک بڑھ جائیگا ۔ذرائع کے مطابق پہلے ٹرمینل سے بجلی،گھریلواستعمال،کمرشل ،ٹرانسپورٹ، فرٹیلائزر اورعام صنعتوں کو گیس کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔