Get Adobe Flash player

کپاس کی نئی فصل کی چنائی شروع ہونے سے جننگ سیزن کا آغاز

سندھ کی ساحلی پٹی پر قائم کاٹن زون کے چند شہروں میں کپاس کی نئی فصل کی چنائی شروع ہونے سے پاکستان میں نئے کاٹن جننگ سیزن کا آغاز۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ سندھ کے ساحلی شہروں بدین،گولا رچی، سجاول اور گھارو وغیرہ میں کپاس کی جزوی چنائی شروع ہونے سے میر پور خاص اور شہداد پور ضلع سانگھڑ کی جننگ فیکٹریوں نے نئی پھٹی کی خریداری بھی شروع کر دی ہے اور ابتدائی طور پر نئی پھٹی کے سودے3 ہزار500روپے فی 40کلو گرام پر ہو رہے ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق میر پو رخاص میں گزشتہ روز ایک کاٹن جننگ فیکٹری نے نئے کاٹن جننگ سیزن کا بھی آغاز کر دیا ہے جبکہ آئندہ ایک دو روز کے دوران شہداد پور اور میر پور خاص میں مزید کاٹن جننگ فیکٹریاں بھی آپریشنل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند روز کے دوران ساحلی شہروں ٹھٹھہ،گھارو اور میر پور ساکرو وغیرہ سمیت مزید چند شہروں میں بھی کپاس کی نئی فصل کی چنائی شروع ہونے سے مزید جننگ فیکٹریاں بھی آپریشنل ہونے کے روشن امکانات ہیں،انہوں نے مزید بتایا کہ قبل ازیں پنجاب کے شہروں ہارون آباد اور بہاولنگر وغیرہ میں بھی جون کے دوسرے ہفتے میں نئے کاٹن جننگ سیزن کا آغاز ہو جاتا تھا مگر رواں سال پنجاب حکومت کی جانب سے اگیتی کپاس کی کاشت پر عائد پابندی کے باعث پنجاب میں کپاس کی نئی فصل کی آمد میں پہلے سالوں کے مقابلے میں ایک ماہ کی تاخیر ہو سکتی ہے۔