بجلی کی پیداوار کیلئے تیل کے استعمال میں 13فیصد کا اضافہ

گزشتہ ماہ مئی کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کے باعث بجلی کی پیداوار کیلئے تیل کے استعمال میں 13فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ فرنس آئل کی کھپت8لاکھ85ہزار700 ٹن کے لگ بھگ رہی جبکہ اپریل کے دوران فرنس آئل کی کھپت7لاکھ85ہزار700 ٹن سے زائدتھی ،انڈسٹری ذرائع کے مطابق مئی میں شدید گرمی کے باعث بجلی کی اضافی پیداوار کے باعث فرنس آئل کی کھپت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،تاہم بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث طلب و رسد میں فرق نمایاں رہا ۔گزشتہ ماہ ڈیزل کی کھپت میں بھی 13فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا اور ڈیزل کی کھپت 8لاکھ98ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی جبکہ اپریل میں ڈیزل کی فروخت 8لاکھ11ہزار600 ٹن رہی تھی ،پٹرول کی کھپت مئی میں ماہانہ تاریخی بلندی پر رہی اور 6لاکھ21ہزار829ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جبکہ اپریل میں پٹرول کی کھپت 5لاکھ75ہزار7سو ٹن سے زائد رہی ۔مٹی کے تیل کی کھپت گزشتہ ماہ20فیصد اضافے سے 11ہزار ٹن سے زائد رہی جبکہ اپریل میں مٹی کے تیل کی کھپت 9210ٹن رہی تھی ،مئی میں ہائی اوکٹین کی کھپت 11فیصد اضافے سے 11783ٹن رہی جبکہ اپریل میں ہائی اوکٹین کی کھپت 10629ٹن کی سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔