Get Adobe Flash player

تل کے کاشتکارفصل کی کاشت فوری شروع کریں،محکمہ زراعت

محکمہ زراعت نے تل کے کاشتکاروں کو فصل کی کاشت فوری شروع کرکے 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدائت کی ہے اور کہاہے کہ وہ فصل کی کاشت زیادہ بارش والے علاقوں میں مون سون شروع ہونے تک وٹوں پر کریںاور کاشت کیلئے درمیانی میرا سے بھاری میرا زمین جس میں پانی جذب کرنے اور نمی برقرار رکھنے کی صلاحیت ہو کا انتخاب کیا جائے ۔ایک ملاقات کے دوران محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ تل کی فصل ایک انتہائی اہم اور نقد آور فصل ہے انہوں نے بتایا کہ تل کی کاشت سے پہلے 2سے 3 مرتبہ ہل چلا کر پہلے زمین کو نرم اور بعد میں سہاگہ دیکر زمین کو اچھی طرح تیار کرلینا چاہئے کیونکہ جب تک زمین اچھی طرح تیار نہیں ہو گی اس وقت تک بیج کا مناسب اگائو بھی ممکن نہ ہو گا جس سے مطلوبہ پیداوار کے حصول میں بھی مشکلات کا سامناکرنا پڑ سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار اچھا اگائو دینے والی زمین میں تندرست اور صاف ستھرا بیج ڈرل سے قطاروں میں کاشت کرنے کیلئے ڈیڑھ سے 2کلوگرام فی ایکڑ استعمال کریں ۔ انہوںنے جڑ ، تنے کی سڑاند اور اکھیڑا کی بیماری سے بچانے کیلئے کاشت سے قبل بیج کو پھپھوندی کش زہر بحساب 2گرام فی کلو گرام لگاکر کاشت کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار تل کی منظور شدہ اقسام ٹی ایچ 6 ، ٹی ایس 5، ٹی ایس 3کاشت کرسکتے ہیں کیونکہ سفید تل کی یہ منظورشدہ اقسام بہترین پیداوار ی صلاحیت کی حامل ہیں۔