قطر کی برطانیہ، امریکا سمیت کئی ممالک میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری

امریکا اور سعودی عرب سمیت متعدد عرب ریاستوں کی جانب سے دہشت گردوں کی معاونت جیسے الزامات کا سامنا کرنیوالے قطر نے، برطانیہ، امریکا اور کئی ممالک میں 335ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق قطر نے گزشتہ کئی برسوں میں صرف برطانیہ میں 35ارب پاونڈ کی سرمایہ کاری کی ہے جو آئندہ پانچ سال میں بڑھ کر 40ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔پراپرٹی ریسرچ کمپنی ڈاچا کے مطابق لندن میں قطر کے پاس 879کمرشل اور رہائشی املاک ہیں ان میں سے 26ملین اسکوائر فٹ زمین تجارتی زمرے میں آتی ہے۔حال ہی میں قطر نے لندن کے مشہور ڈپارٹمنٹ اسٹور ہیرڈس کو بھی ایک اعشاریہ 5ارب پاونڈ میں خریدا ہے۔ برطانیہ اپنی ضرورت کی قدرتی گیس کا تقریبا پورا حصہ قطر سے ہی درآمد کرتا ہے جو بڑے بڑے بحری جہازوں میں مڈفورڈ بندر گاہ کے جنوبی ٹرمینل سے ہوتا ہوا آتا ہے۔اس ٹرمینل میں بھی قطر پٹرولیم کے67اعشاریہ 5فیصد حصص ہیں۔ اس کے علاوہ برطانیہ کے کارپوریٹ گھرانوں جیسے سینزبریی میں 22فیصد، لندن ہیتھرو ایئرپورٹ میں 20فیصد، برٹش ایئر ویز کی مالک کمپنی انٹرنیشنل ایئر لائنز گروپ میں قطر کے 20فیصدحصص ہیں۔