ریفائنریوں کی پیداواری استعداد میں اضافہ،خام تیل کی درآمد بڑھ گئی

مقامی آئل ریفائنریوں کی پیداواری استعداد بڑھنے کے باعث گزشتہ ماہ کے دوران خام تیل کی درآمد میں اضافہ دیکھا گیا ،تاہم دوسری جانب طلب میں اضافے کے باعث فرنس آئل اور ڈیزل کی درآمد کم نہ ہوسکی ۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق مئی کے دورا ن مقامی ریفائنریوں نے پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار کیلئے ماہانہ بنیادوں پر10فیصد اضافے سے 9لاکھ15ہزار ٹن کے قریب خام تیل در آمد کیا جس میں بائیکو ریفائنری کی سنگل پوائنٹ مورنگ پر ایک لاکھ33ہزار ٹن سے زائد درآمد کردہ خام تیل بھی شامل تھا،اپریل میں مقامی ریفائنریوں کی جانب سے خام تیل کی درآمدی مقدار 8لاکھ30ہزار ٹن کے لگ بھگ تھی جس میں سے ایک لاکھ32ہزار ٹن خام تیل بائیکو کی سنگل پوائنٹ مورنگ پر درآمد کیا گیا ،دوسری جانب خام تیل کی درآمد میں اضافے اورمقامی ریفائنریوں کی پیداوار بڑھنے کے باوجود فرنس آئل اور ڈیزل کی درآمد میں بالترتیب 13اور 15فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،فرنس آئل کی در آمد مئی میں 4لاکھ81ہزار700 ٹن کے لگ بھگ رہی جبکہ اپریل کے دورا ن 4لاکھ 24ہزار 800ٹن فرنس آئل درآمد کیا گیا تھا ،انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض پاور پلانٹس کو ایل این جی فراہمی کے باعث فرنس آئل کی درآمد پر دباو میں کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ گزشتہ برس جولائی اور اگست کے دوران فرنس آئل کی در آمد ساڑھے 6لاکھ ٹن کی سطح پر تھی ،ڈیزل کی در آمد مئی میں 15فیصد اضافے سے 4لاکھ63ہزار ٹن سے کچھ زائد رہی جبکہ اپریل میں 4لاکھ2ہزار ٹن سے زائد ڈیزل در آمد کیا گیا تھا ،مئی میں جیٹ فیول در آمد نہیں کیا گیا جبکہ اپریل میں جیٹ فیول کی در آمد 10 ہزار 336ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔